سونا فی تولہ 6200 روپے سستا، ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کمی
کراچی (کامرس رپورٹر) صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 6 ہزار 200 روپے سستا ہوگیا جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 42 ہزار روپے کا ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق دس گرام سونے کی قیمت میں 5318 روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 7 ہزار 475 روپے پر آ گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں 60 ڈالر کی نمایاں کمی سے فی اونس سونا2355 ڈالر کا ہو گیا۔ جمعرات کو انٹربنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز انٹربنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 20پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر278.55 روپے سے کم ہو کر278.35روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 1پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 279.54 روپے سے بڑھ کر 279.55روپے پر جا پہنچی۔ یورو کی قدر میں91پیسے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد یورو کی قدر302.07 روپے سے کم ہو کر 301.16روپے ہو گئی۔ اسی طرح88پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر 354.73 روپے سے کم ہو کر 353.85روپے پر آ گئی۔