یاسمین راشد کی صحت تشویشناک، جسم میں پانی کی کمی ہو چکی: میڈیکل رپورٹ
لاہور (آئی این پی+ این این آئی) پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت تشویشناک ہے اور قے کی وجہ سے ان کے جسم میں پانی کی کمی ہو چکی ہے۔ تفصیل کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی صحت سے متعلق سینٹرل جیل کے ایم اوکی رپورٹ سامنے آ گئی۔ میڈیکل افسرکی رپورٹ میں ڈاکٹر یاسمین کی صحت کو تشویشناک قرار دیا گیا اور کہا ہے کہ سخت گرمی کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑی، ان کا بلڈ پریشر 160/110 ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ گزشتہ روزسے کچھ کھا پی نہ سکیں، قے کی وجہ سے رہنما پی ٹی آئی کے جسم میں پانی کی کمی ہو چکی ہے۔ جبکہ سروسز ہسپتال لاہور میں زیر علاج پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے مرکز صحت میں دستیاب سہولیات کو جیل سے بدتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں ساری رات مجھے نیند نہیں آئی۔ ہسپتال سے اچھی تو میں جیل میں تھی۔ 22مئی کو شدید گرمی کے سبب 9مئی کے پرتشدد واقعات سمیت دیگر مقدموں میں گرفتار سینئر سیاستدان یاسمین راشد کی کوٹ لکھپت جیل میں طبعیت ناساز ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کمر کی شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔