• news

ہتک عزت کا بل نامنظور، عوام کے حقوق کی پامالی ہے: لاہور ہائیکورٹ بار

لاہور (خبر نگار) عدالتوں کی تقسیم اور وکلاء پر تشدد دہشت گردی کے تحت مقدمات کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ نے کہا ہے کہ ہتک عزت بل کی مخالفت کرتے ہیں۔ ہتک عزت کا بل عوام کے حقوق کی پامالی ہے، جنرل ہائوس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم صحافیوں کے ساتھ ہیں اور اس بل کو نامنظور کرتے ہیں۔ آج وکلاء پولیس گردی کا شکار ہیں، حکومت اپنے ظالم ہتھکنڈوں سے باز رہے، وکلاء پر دہشت گردی کی مقدمات ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ اعظم نذیر تارڑ معزز بار ممبر ہیں لیکن اعظم نذیر تارڑ صاحب یا حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں یا بار کے ساتھ کھڑے ہوںوکلاء پر ریاستی جبر ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ہم حکومت اور چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وکلاء پر دہشت گردی کے مقدمات فوری ختم کیے جائیں۔ سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری اشتیاق احمد خان نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ آئین اور قانون کا ساتھ دیا ہے۔ آج وکلاء کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں وکلاء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ احتجاج کے خدشے کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری لاہور ہائی کورٹ کے تمام گیٹ پر مامور تھی، احاطہ عدالت میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔

ای پیپر-دی نیشن