• news

بلا جوازملازمت سے فارغ کرنے پر ڈی پی ایس ننکانہ کی ٹیچرز کا احتجاج 

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پبلک سکول ننکانہ صاحب کی ٹیچرز بلا جوازملازمت سے نکالے جانے پر سراپا احتجاج بن گئیں، سکول انتظامیہ نے سکول کو تالے لگا دیئے،تفصیلا ت کے مطابق ڈسٹرکٹ پبلک سکول ننکانہ صاحب کی ٹیچرزنے بلا جواز ملازمت سے نکالے جانے پر سکول کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ سکول انتظامیہ نے دو درجن سے زائد ٹیچرز کو بلا جواز ملازمت سے فارغ کردیا ہے ہماری کلاسز کے نتائج اے پلس ہیں اور ہم وقت کی بھی پابند ہیں ان کا کہنا ہے کہ سکول میں اساتذہ اور طلباء کیلئے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں سکول میں اساتذہ کیلئے کرسیاں نہ ہونے کی وجہ سے ہم سارا دن کھڑ ے ہو کر بچوں کوپڑھاتی ہیں ان کا یہ بھی کہناہے کہ سکول میں پینے کا پانی نایاب ہے اور واش روم گندے ہیں سٹیشنری بھی ہم خود لے کر آتی ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ ہمیں ملازمت پرفوری بحال کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری ارشد کا کہنا ہے کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیسوں میں اضافہ کیا گیا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں کمیٹی نے میرٹ پالیسی کے مطابق ٹیچرز کی نئی بھرتی کی ہے اور دوبارہ اپلائی کرنے والی5 ٹیچر ز کو میرٹ پالیسی کے تحت دوبارہ ملازمت پر رکھا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن