• news

شدید گرمی، 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ، شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ، گلیشئر پھٹنے کا خدشہ

اسلام آباد (آئی این پی) شدید گرمی میں بجلی  کے شارٹ فال میں اضافہ ہوگیا۔ ملک بھر  میں  بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 900 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں  گزشتہ روز  بجلی کی پیداوار 18 ہزار 655  میگاواٹ رہی  جبکہ ملک میں بجلی کی طلب 24 ہزار 555  میگاواٹ تک ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پن بجلی سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے 975  میگاواٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 8 ہزار 350  میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ونڈ پاور پلانٹس سے 790 میگاواٹ، سولر پاور پلانٹس سے 2 سو، بگاس سے 140 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ  نیوکلئیر پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار 200 میگاواٹ ہے۔ مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔  دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 8 سے 10 گھنٹے، شہری علاقوں میں یہ دورانیہ 4 سے 6 گھنٹے اور لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون  کی پیشگوئی کردی۔ جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون کا آغاز ہو سکتا ہے۔ اس سال مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کا بارشوں سے زیادہ متاثر ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خلیج بنگال پر ایک سائیکلون بنا ہوا ہے جو بھارت کے جنوبی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ ہوگا جس سے گلیشیئرز پھٹنے کا خدشہ ہے۔ ساہیوال، اوکاڑہ، سبی، بھکر، لاڑکانہ، جیکب آباد میں زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے آئی این پی  کے مطابق قومی ادارہ صحت نے ہیٹ ویو اور سن سٹروک سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔ گرمی کی لہر کے خطرات اور اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ادارے نے ہیٹ سٹروک کی وجہ سے بیماری اور اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے ٹائیفائیڈ بخار بھی پھیل سکتا ہے۔ گلگت  سے آئی این پی  کے مطابق  گلگت بلتستان میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث رواں ہفتے گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ۔ 27 مئی کے تک درجہ حرارت چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جو معمول سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے خطے میں رواں ہفتے ممکنہ گلیشیل لیک آف برسٹ فلڈ (گلوف) کے واقعات اور سیلاب سے خبردار کیا ہے۔  اس دورانیہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفان بھی متوقع ہے۔ گلوف اور فلڈ سیلاب سے گلگت بلتستان اور خیبر پی کے کے ضلع چترال کے برف سے ڈھکے ہوئے اور برفانی علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ مقامی حکام نے گلیشیئرز کے قریب رہنے والے لوگوں کو خبر دار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاحوں کو بھی بارش کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد گزشتہ روز 50 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے ساتھ دنیا کا گرم ترین مقام رہا۔ ملک کے بیشتر شہر ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ موہنجوداڑو، دادو، سبی، لاڑکانہ، نواب شاہ، ٹھٹھہ، روہی، خیر پور، سکھر، نور پور تھل اور مٹھی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں موسم بے انتہا گرم ہو گیا۔ ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ، بہاولنگر، بھکر، کوٹ ادو، اور رحیم یار خان سمیت پنجاب کے شہروں میں  بھی گرمی اور حبس کی وجہ سے شہری بے حال رہے۔ رواں ہفتے بھی ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ تاہم شمالی علاقہ جات میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن