امریکہ نے 133 چوری شدہ نوادرات پاکستان کو واپس کر دیئے
نیویارک(این این آئی)امریکہ نے13 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ 133 قدیم نوادرات پاکستان کو واپس کر دیئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس ضمن میں نیویارک میں مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں منگل کو تقریب منعقد کی گئی، جس میں برآمد شدہ بعض نوادرات کی نمائش بھی کی گئی۔امریکہ نے گندھارا دور کے قیمتی چوری شدہ 133 نوادرات پاکستان کو واپس کئے ہیں، یہ نوادرات واپس کرنے کی 5ویں قسط تھی۔نیویارک میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے حکومت پاکستان کی جانب سے نوادرات وصول کئے۔اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر، ان کے نوادرات کی اسمگلنگ یونٹ اور محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشن کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پاکستان کے چوری شدہ ثقافتی خزانے کی برآمد کے لیے کوشش کی۔خیال رہے کہ نیویارک میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں منعقدہ اس تقریب میں برآمد ہونے والے کچھ نوادرات کی نمائش بھی کی گئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان قونصلیٹ جنرل نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عامر احمد اتوزئی نے نیوریاک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کو بتایا کہ یہ نوادرات پاکستان بھر کے عجائب گھروں کی زینت بنیں گے۔