عوامی تحریک اقتدار ،نہیں ، عوام کی خوشحالی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے:خرم نواز گنڈاپور
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو اقتدار کیلئے نہیں بلکہ عوام کی خوشحالی،آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 35سال قبل ایک ایسی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی تھی جس کا منشور ہر قسم کے ظلم و استحصال سے پاک جدید فلاحی،اسلامی معاشرے کے قیام کی راہ ہموار کرنے کیلئے تھا۔ اپنے قیام سے لے کر آج کے دن پاکستان عوامی تحریک نے نظام کی تبدیلی،عوامی شعور کی بیداری،انسانی حقوق کے تحفظ،معاشی و سیاسی بحرانوں کے حل اور رفاہ عامہ پر بھر پور توجہ دی ہے۔پاکستان عوامی تحریک کا 35 واں یوم تاسیس 25مئی کومنایا جائے گا۔ ملک بھر میں تنظیمات کیک کاٹیں گی اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی،صوبائی،ضلعی دفاتر میں قومی و پارٹی پرچم لہرائے جائیں گے۔25مئی کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 35ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب منعقد کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے 35ویں یوم تاسیس کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔