سٹاک مارکیٹ پہلی بار 76200 پوائنٹس عبور کر گئی: تولہ سونا 1800 روپے سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ نے ایک اور نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس76200پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔ اگرچہ انڈیکس 800سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 75900پوائنٹس کی سطح پر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 93ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 102کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور 56.13فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا مزید 1800روپے سستا ہو گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 40ہزار 200روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز 1543روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 2لاکھ 5ہزار 933 روپے پر آ گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں 17ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 2338ڈالر پر آ گئی۔ ادھر انٹر بینک میں گزشتہ روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں10پیسے کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قدر 278.35روپے سے بڑھ کر 278.45روپے پر جا پہنچی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 279.55روپے پر مستحکم رہی۔