مقبوضہ کشمیر :محاصر تلاشی، کارروائیاں جاری ، عوام پالیسیوں کیخلاف مظاہرہ
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف جموں ایسٹ کالونی سے ریلوے سٹیشن تک مارچ کیا۔ انہوںنے ریلوے سٹیشن پر شدید احتجاج کیا ۔ انہوںنے بالٹیاں اٹھائی ہوئی تھیں۔دوسری جانب جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں بھارتی پیرا ملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک ہیڈ کانسٹیبل دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔ بی ایس ایف کی185بٹالین سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل برہان دیو رام کو ضلع کے علاقے کنزر میں انتخابی ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑا۔جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہائیکورٹ نے ایک کشمیری نوجوان کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت غیر قانونی نظر بندی کالعدم قرار دے دی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبداللہ نے حقوق کی بحالی کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ عمر عبداللہ نے ضلع کولگام کے علاقے دمہل ہانجی پورہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کشمیر مخالف قوتوں کو مسترد کر دیں ۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم نے اپنے جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے پرامن جدوجہد شروع کی ہے جسے ہم مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جیلوںمیں قید تمام کشمیریوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔