پشاور جائیداد تنازعہ پر فریقین میں فا ئر نگ دو بھائیوں سمیت 5افراد جاں بحق ایک زخمی
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے علاقہ چمکنی میں جائیداد کے تنازعے پر خون کی ہولی، فریقین کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں دو بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ دوسری جانب علاقے میں کشیدگی پر قابو پانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ پولیس کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دو متحارب گروپوں کا مسجد کے باہر آمنا سامنا ہوا تو دونوں مشتعل ہوگئے اور ایک دوسرے پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجہ میں ایک فریق سے حاجی جمیل ولد حاجی زمان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی افتخار شدید زخمی ہوگیا۔ اسی طرح دوسرے فریق سے دو بھائی تنویر اور بابر پسران گل خان، سید نیاز علی شاہ ولد سید صاحب شاہ اور وسیع اللہ ولد عنایت اللہ جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق فریقین کے مابین جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا ہے۔ دوسری جانب فائرنگ کے تبادلہ کے باعث مسجد کے باہر بھگدڑ بھی مچی اور لوگ واقعہ کو دہشت گردی سمجھ کر خوفزدہ ہوگئے۔