• news

چین مخلص دوست: سپیکر پنجاب اسمبلی، سفیر کی ملاقات

لاہور (خصوصی نامہ نگار)  سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren) نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ چینی قونصل جنرل نے ملک محمد احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مختلف شعبوں اور پارلیمانی وفود کے تبادلے دونوں ملکوں کے لئے سود مند ثابت ہوں گے۔ چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ایک سچے اور مخلص دوست کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں، پاک چین معاشی تعلقات کی نئی جہتوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔ اس موقع پر چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین کا کہنا تھا کہ تعلیم، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں گے۔ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب، سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی اور ترجمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن