• news

 تحریک انصاف کا ہتک عزت قانون کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان 

 اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے ہتک عزت کے قانون کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ تحریک انصاف ہتک عزت سے متعلق قانون پر قومی اسمبلی میں احتجاج کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جو چیلنج ہے وہ یہ ہے ملک میں امن اور آئین نام کی کوئی چیز نہیں ہے، یہ ایک سول مارشل لا ہے اور یہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، اس وقت قلم پابند سلاسل ہے اور اس کے خلاف قوانین بنا کر اسے مزید پابند بنایا جا رہے۔انہوںنے کہاکہ جو صحافتی تنظیمیں ہیں ہم ان کے ساتھ اگلے ہفتے میٹنگز کریں گے تاکہ ان کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر اس جدو جہد میں آگے بڑھیں۔اسد قیصر نے بتایا کہ موجودہ حکومت بہت لمبا عرصہ نہیں چلے گی، مجھے شک ہے کہ بجٹ کے بعد پیپلز پارٹی کچھ اور پیچھے ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، ان کی پارٹی وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہورہی ہے، اگر ان کی یہ حکومت قائم رہی تو مسلم لیگ (ن) مستقبل کی مسلم لیگ (ق) بن جائے گی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف جانتے ہیں کہ وہ جعلی طور پر بیٹھے ہیں، وہ اور ان کا بھائی ہار چکا ہے، ان کی بھتیجی بھی ہار چکی ہے، وہ اس وقت ناجائز وزیر اعلیٰ ہے، ایک سروے کروائیں تو پتا چلے گا کہ 99 فیصد عوام اس کو جعلی سمجھتے ہیں، مریم نواز اپنی نشست نہیں جیتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن