• news

سرٹیفائیڈ کلاؤڈ اپلائیڈ جنریٹیو اے آئی اقدام تیس ہزار طلبا  فراہم کر رہا ہے، سر دار مسعود 

اسلام آبا د(این این آئی)امریکہ میں پاکستانی سفیر سر دار مسعود خان نے کہاہے کہ سرٹیفائیڈ کلاؤڈ اپلائیڈ جنریٹیو اے آئی اقدام تیس ہزار افراد جن میں طلباء، انجینئرز اور دیگر پیشہ ور افراد شامل ہیں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تربیت یافتہ آئی ٹی افراد اور ماہرین کا ڈیٹا بیس بھی مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں پاکستانی امریکی ٹیک انٹرپرینیورز بالخصوص سلیکون ویلی کے ساتھ منسلک کیا جا سکے،پاکستانی فری لانسرز کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی بنایا جا رہا ہے جس کا مقصد انہیں پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوںنے یہ با تیں آئی ٹی انٹرپرینیورز کے ایک وفد سے سفارت خانہ پاکستان میں ملاقات کے دوران کہیں۔ وفد میں حرا خان، عادل خان اور ندیم شیخ شامل تھے۔وفد نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ سرٹیفائیڈ کلاؤڈ اپلائیڈ جنریٹیو اے آئی اقدام گورنر سندھ کے ساتھ مل کر شروع کیا گیا ہے۔ وفد نے کہا کہ اس سے قبل وہ مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے اقدام کے تحت آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بلاک چین، انٹرنیٹ آف تھنگز اور کلاؤڈ نیٹیو کمپیوٹنگ میں تعلیم، تحقیق اور کاروباری مواقع کو فروغ دینے کے لیے بلامعاوضہ خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔ حرا خان نے بتایا کہ انہوں نے اب تک دس لاکھ سے زائد افراد کو تربیت دی ہے جن میں مختلف عمروں اور پس منظر کے لوگ شامل ہیں۔وفد نے کراچی اور پاکستان کے دیگر حصوں میں ٹیک نیشنل انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ وہ امریکہ کو برآمد کرنے کے لیے پاکستان میں کم قیمت سافٹ ویئر انجینئرنگ مصنوعات تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے وکیل، جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل کے سربراہ اور ممبر پاکستان کونسل آن فارن ریلیشنز ندیم شیخ نے سفیر پاکستان کو جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل اور پاکستان کونسل آن فارن ریلیشنز کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل قانونی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق پاکستانیوں کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مدد کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن