کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (آئی ا ین پی ) قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام قائم کرنا ممکن نہیں ہے۔ ہماری کوشش ہے تمام فریقین کے ساتھ مل بیٹھ کر ملکی مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے واپسی پر ملتان میں اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معاشی استحکام سے ہی ملک اور عوام کی حالت میں بہتر ی لائی جا سکتی ہے اور تمام فریقین مل کر موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سرکاری دورہ کراچی کے دوران میں نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بات کی تھی کہ بجٹ میں عام عوام کو زیادہ زیادہ سے ریلیف دیا جائے اورآئندہ بجٹ نوجوان دوست ہونا چاہیے۔ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہماری جماعت عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے ہمارے آبا اجداد کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ میں اس حلقہ سے 1988 سے الیکشن لڑ رہا ہوں، اس سے پہلے میرے والد نے بھی یہیں سے الیکشن لڑا، اس بار میرا بیٹا اسی حلقہ سے بھاری اکثریت سے ضمنی الیکشن جیتا ہے جس پر میں آپ سب کا مشکور ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ آپ سب اور اس علاقے کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھاں گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم میں نے اس حلقہ اور ملتان کے عوام کی بھرپور خدمت کی اور اب بھی اس علاقے کے تمام مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہوگی۔میں میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ضمنی الیکشن میں میرے بیٹے کی حمایت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ نہیں لیکن یہ الیکشن مل کر لڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ سے 70 ہزار خاندان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اس حلقے سمیت جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں صحت، تعلیم اور مواصلات کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیراعظم پاکستان سے نہ صرف میری بات چیت ہو چکی ہے بلکہ جنوبی پنجاب میں سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز کے لیے شجاع آباد اور جلال پور میں زمین کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ اسی سلسلے میں ملتان میں تھیلیسیمیا کے علاج کا مرکز بھی جلد قائم کریں گے۔