• news

10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان امارات کا وزیراعظم پر اعتماد ہے: جام کمال 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ توائے وقت)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، بیرونی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم کو بیرون ملک اتنی پذیرائی ملی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کیا۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ  متحدہ عرب امارات کی طرف سے 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان وزیر اعظم شہباز شریف پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ جام کمال نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کے صدر اور دیگر قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں  انہو ں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں میں ترقی کے حوالے سے کام جاری ہے اور اس حوالے سے ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور بیرونی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کے ساتھ تجارت کے لئے الگ اور جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور ایم او یوز کیے جا رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں وزیر تجارت جام کمال خان نے  وزارت تجارت سے منسلک اداروں اور محکموں سے  شفافیت کے لیے تین سال کی آڈٹ رپورٹ طلب کر لی ۔جام کمال خان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو بڑھانا اور محکموں کو جوابدہ بنانا ہے۔  ان محکموں یا افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو عوامی فنڈز میں بے ضابطگیوں یا غلط استعمال کے مرتکب پائے گئے۔   یہ اقدام مبینہ طور پر مختلف اداروں میں بے ضابطگیوں کی نشان دہی درخواستیں موصول ہونے  پر لیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن