انسداد سموگ کیس‘ ہائیکورٹ کی محکمہ ماحولیات کو خود مختار ادارہ بنانے کی ہدایت
لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کیخلاف کیس میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹس 31 مئی کو طلب کرلیں، عدالت نے محکمہ ماحولیات کو آزاد اور خودمختار ادارہ بنانے کی ہدایت کر دی، پنجاب حکومت نے انوائرمنٹ اتھارٹی بنانے کیلئے قانون سازی کی یقین دہانی کروادی، عدالت نے حکم دیا کہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کو جرمانے کئے جائیں، اگر جرمانہ ادا نہیں ہوتا تو علاقے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر زراعت اپنی جیب سے جرمانہ ادا کریں، عدالت نے موٹر وے کے اردگرد باقیات جلانے پر موٹر وے پولیس کی سرزنش کی، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو واقعے کی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے جی او آر کا موہگہ نہ کھلنے پر پی ایچ اے اور محکمہ انہار کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے ہائی رائز بلڈنگز کی روف ٹاپ پر گارڈننگ کے بارے میں ایل ڈی اے کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کی طرف سے صرف ہیٹ ویو الرٹ جاری کرنا کافی نہیں، ہیٹ ویو کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا بہت ضروری ہے، اگر اقدامات نہ کئے تو آنیوالے سالوں میں اسے برداشت کرنا مشکل ہوجائیگا، حکومت ہیٹ ویو روکنے کیلئے درخت لگانے کے بارے میں واضح پالیسی بنائے، حکومت کو درخت لگانے کیلئے فنڈز کرنے چاہیے۔