پی ٹی آئی ایم پی اے نے بجلی گھر میں گھس کر زبردستی فیڈر چلا دیئے: ڈیم، گرڈ سٹیشن کسی کی جاگیر نہیں: امیر مقام
پشاور+صوابی (بیورو رپورٹ) پشاور میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے گرڈ سٹیشن میں گھس کر فیڈرز چلوا دیئے ، ہفتے کے روز رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے مظاہرین کے ساتھ پیسکو رحمن بابا گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور مظاہرین کے ساتھ گرڈ سٹیشن میں داخل ہوئے اور زبردستی فیڈرز چلوائے،مظاہرین نے زبردستی 9فیڈرز چلوائے جو ہائی لاس فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) ترجمان کے مطابق آن کرائے گئے فیڈرز میں ہزارخوانی، یکہ توت، اخون آباد، نیو چمکنی، سوڑیزئی بالا، شالوذان اور قلندرآباد شامل ہیں، مذکورہ فیڈرز پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80فیصد سے زائد ہیں اور پیسکو کی جانب سے مذکورہ فیڈرز پر لاسز کم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی اور پیسکو اہل کاروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے نتیجے میں رحمن بابا گرڈ سٹیشن سے ہزار خوانی اور دیگر علاقوں کو بجلی کی سپلائی شروع کردی گئی ہے، مذاکرات میں طے پایا کہ 10 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔مذاکرات کے دوران رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی کی جانب سے کنڈا سسٹم ختم کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جس کے بعد فضل الٰہی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا اور مظاہرین واپس چلے گئے۔دریں اثنا ایکسین عالم زیب نے بتایا کہ ہم علاقے میں لوڈشیڈنگ کم کررہے ہیں، علاقہ عمائدین بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی فضل الٰہی نے کہا کہ واپڈا بھی ہمارا محکمہ ہے، واپڈا کے ساتھ سٹاف کی کمی بھی ہے، ہم علاقے سے کنڈا کلچر اور بجلی کی چوری ختم کریں گے۔ واپڈا ماہانہ بنیادوں پر بلز کا اجرا یقینی بنائے۔ دریں اثناء پیسکو نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الہی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے پولیس کو درکواست دیدی، جس میں کہا گیا کہ فضل الہی 500 افراد کے ساتھ زبردستی گرڈ سٹیشن میں گھسے اور 6 فیڈرز کی بجلی زبردستی بحال کر دی ، مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کے بعد وفاقی وزیر امیر مقام کے پی حکومت پر برس پڑے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی مینڈیٹ کی توہین کر رہی ہے، مفروضوں پر بجٹ پیش کرنا عوام کی توہین ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ایک دن کی سیاست کے لیے خیبر پختونخوا میں کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ کبھی کہتے ہیں اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے، کبھی ڈیم بند کرنے اور گرڈ اسٹیشن پر قبضے کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیم اور گرڈ اسٹیشن کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔ حکومت عوامی مینڈیت کی توہین کر رہی ہے ، کب تک عوام کو دھوکہ دہن گے، جو مینڈیٹ ملا عوام کے مسائل کا سوچیں، پنجاب سے موازنہ کریں تو پتا چلے گا وہاں کیا ہو رہا ہے وفاق سے پہلے خیبر پی کے کا بجٹ پیش کرنا عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے خیبر پی کے کا بجٹ شیخ چلی کے مفروضوں کے مترادف ہے۔