آڈیو لیکس کیس: علی امین گنڈا پور دیگر پر 6 جون کو فرد جرم عائد ہو گی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد کی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر تے ہوئے ان کے اور دیگر ملزموں کے خلاف فردِ جرم کی تاریخ 6 جون مقرر کر دی۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالغفور کاکڑ نے کی۔ شریک ملزم اسد خان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری لگائی۔ دوران سماعت علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور اور شریک ملزم اسد خان پر فرد جرم کیلئے چھ جون کی تاریخ مقرر کر دی۔ علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں آڈیو لیک کے حوالے سے مقدمہ درج تھا۔ یاد رہے کہ 2022ء میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے علی امین گنڈا پور کی ایک شخص کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوگئی تھی جس میں علی امین گنڈا پور پوچھ رہے ہیں کہ بندوقیں کتنی ہیں، جس پر دوسرا شخص کہتا ہے کہ بہت ہیں۔