• news

پوری توجہ مہنگائی میں کمی، عوام کو ریلیف دینے پر، اچھے دن آ رہے ہیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے اچھے دن آ رہے ہیں۔ یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ الحمدللہ، 10-ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مسلم لیگ ن کی حکومت پر بیرونی اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ مثبت معاشی اعشاریے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے۔ سٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس کا مثبت رحجان خوش آئند ہے۔ روٹی سمیت دیگر اشیاء کے نرخ میں مزید کمی ہو گی۔ مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور پاکستانی کرنسی مستحکم ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل ہے۔ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کیلئے شہباز شریف حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے شر سے ملک کو محفوظ رکھے۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے بارشوں کے دوران آسمانی بجلی اورگھروں کی دیواریں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو موثر امدادی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی تیاری کی ہدایت کی اور کہاکہ آسمانی بجلی گرنے سے زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن