• news

گندم سستی ہونے پر پنجاب میں آٹے، میدے اور سوجی کی قیمتوں میں واضح کمی 

 لاہور +فیصل آباد (خبرنگار+آئی این پی)پنجاب بھر میں آٹے، میدے اور سوجی کی قیمتوں میں واضح کمی آ رہی ہے۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کی مارکیٹوں سے قیمتوں کے تقابلی جائزے منگوا لیے۔ انکا کہنا ہے کہ گندم سے تیار کردہ اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بلال یاسین نے ایک ملاقات میں بتایا کہ 10 کلو گرام آٹے کی قیمت میں 600 سے 700 روپے کمی آئی جبکہ 20 کلو گرام آٹے کی قیمت میں  اوسط 1300 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔وزیر خوراک پنجاب نے بتایا کہ 80 کلو فائن آٹا/میدے کی قیمت میں 2770 روپے تک کمی ہوئی۔ اسی طرح 50 کلوگرام سوجی کے تھیلے کی قیمت میں اوسط 1700 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائن آٹے کا تھیلا 11 ہزار سے کم ہوکر 8 ہزار 230 میں دستیاب ہے۔وزیر خوراک نے بتایا کہ سوجی 50 کلوگرام تھیلا 7150 سے کم ہو کر 5450 میں دستیاب ہے۔ وزیر خوراک نے بتایا کہ روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو حقیقی ریلیف ملا ہے۔بلال یاسین نے کہا کہ گندم کی وافر مقدار میں موجودگی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔ مارکیٹ کی مستقل چیکنگ سے اشیاء کی قیمتوں اور معیاری پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔  روٹی اور نان کی قیمتیں کم کرنے پر تندور مالکان اور حکومت کے درمیان ٹھن گئی۔ تندور مالکان نے 15 روپے سے کم روٹی فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخراجات بڑھ گئے ہیں روٹی 15 پیسے کم فروخت نہیں کریں گے۔ حکومت پنجاب نیلاہور میں روٹی 14 روپے 20روپے نان کی قیمت مقرر کی ہے تاہم تندوروں میں روٹی 15، نان 25 اور کلچہ 30 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ شہر بھر میں نان روٹی قیمت پر تندورمالکان اور شہریوں میں توں تکرار کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ ریٹس پر روٹی اور نان فروخت ہوگا، روٹی اور نان کی قیمت زائد وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات جاری کی ہیں، روٹی اور نان کی مقررہ کردہ قیمتوں کے حوالے سے افسران مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب ریلیف پروگرام کی جانب سے سستی روٹی و نان دستیاب ہے۔96فیصدتک  صورتحال کو  بہتر کیا گیا  ہے۔شہر کے 1202 مقامات کی چیکنگ کی گئی ،جن میں سے   56 جگہوں پر خلاف ورزیاں سامنے آئیں ، 4 افراد کو گرفتار کر کیان کے خلاف مقدمہ  درج کر لیا گیا۔ڈی سی لاہور کے مطابق شہر میں 56 خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں سرپرائز چیکنگ کر رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر  سٹی رائے بابر نے تندوروں پر روٹی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یقینی بنانے کیلئے چھاپیمارے ،روٹی کا وزن کم ہونے کی وجہ سے  12 تندور مالکان کو بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈی سی لاہور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روٹی 14 روپے میں فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔جس کے باعث انتطامی افسران روٹی کی فروخت کو 14 روپے میں یقینی بنا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن