• news

شافع حسین سے سولر کمپنی آف چائنا کے وفد کی ملاقات: سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال 

لاہور ( این این آئی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایکو(AIKO) سولر کمپنی آف چائنا کے وفد نے ملاقات کی ۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے پر بات چیت ہوئی، چینی کمپنی کے حکام وڈیو لنک کے ذریعے ملاقات میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سولر انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، چاہتے ہیں کہ پنجاب میں سولر مینو فیکچرنگ کے پلانٹ لگیں، چینی کمپنی سولر انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے، ہرممکن سہولت دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ چین، یوکے سمیت 10سے زائد غیرملکی سولر کمپنیوں سے ملاقات کرچکا ہوں، غیر ملکی سولر کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ،سولر انرجی کے فروغ کیلئے طویل المدت پالیسی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت سولر انرجی میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے، حکومت ہاؤسنگ اور انڈسٹری کو سولر پر منتقل کرنے جارہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن