• news

سرگودھا، مقدس اوراق کی مبینہ بیحرمتی، ہنگامہ، ملزم زخمی، متعدد گرفتار 

لاہور+سرگودھا (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) سرگودھا شہر میں مقدس اوراق کی بے حرمتی کے سانحہ پر مشتعل افراد نے مسیحی مبینہ ملزم کو لہولہان اور پولیس افسروں و اہلکاروں کو معمولی زخمی کر دیا۔ تاہم انتظامیہ اور پولیس نے شدید زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے اہلخانہ کو بحفاظت نکال کر علاقہ میں امن وامان کے لئے نفری لگا دی اور متعدد افراد کو حراست میں لیکر  تحقیقات شروع کر دی اور امن کمیٹی کے تعاون سے حالات پر مکمل قابو پا لیا جبکہ زخمی مبینہ ملزم کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ امن وامان کو خراب کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر کے علاقہ مجاہد کالونی میں صبح سویرے مسیحی مکان کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کے سانحہ پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کرتے ہوئے مبینہ ملزم نوید مسیح کو لہولہان اور اس کے بیٹے سلطان کی شوز فیکٹری پر توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ اس ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس کے تین افسر اور دو اہلکار بھی معمولی زخمی ہو گئے تاہم آر پی او شارق کمال صدیقی اور ڈی پی او اسد اعجاز ملہی نے ممبر امن کمیٹی مولانا ملک ضیاء  الحق کے  ساتھ موقع پر پہنچ کر حالات پر مکمل قابو پاتے ہوئے امن و امان کے لئے علاقہ میں بھاری پولیس نفری تعینات کر دی اور پولیس تھانہ اربن ایریا نے زخمی مبینہ ملزم کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا اور ایک درجن سے زائد مشتعل افراد کو حراست میں لیکر مبینہ ملزم کے 5 اہلخانہ کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور ممبران امن کمیٹی نے وقوعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لوگوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وقوعہ کا سخت نوٹس لیکر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ امن وامان کو خراب کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سرگودھا پرامن شہر ہے جہاں انتظامیہ، پولیس اور علماء کا امن وامان کو برقرار ہم رکھنے کے لئے باہمی کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے آج اتوار کے روز گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں میں سخت انتظامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھا شہر کے علاقہ مجاہد کالونی کے سانحہ میں جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامیہ، پولیس اور ممبران ڈویژنل امن کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سردگودھا میں کی مبینہ بے حرمتی کا واقعہ تشویشنا ک ہے۔ انتظامیہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فی الفور کارروائی کرے۔ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے۔ آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ عوام کے لیے اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ خود اس شخص کو کوئی سزا دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کی کارروائیوں کو روکنے کے لئے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن