بھارت، روس کا جوہری توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ماسکو (این این آئی) روس اور بھارت کے درمیان جوہری تعاون کو بجلی کی پیداوار سے آگے بڑھانے، ٹیکنالوجی اور نئے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں ملکوں کے جوہری ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان روس کے تومسک ریجن میں گزشتہ روز جامع مذاکرات ہوئے۔ روسی جوہری ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا پُرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کے استعمال کے میدان میں بھارت کے ساتھ تعاون کو سنجیدگی سے توسیع دینے کیلئے تیار ہیں۔ بھارت میں روسی ڈیزائن کردہ نیوکلیئر پاور یونٹس کی تعمیر کے منصوبوں پر بھی بات چیت میں روشنی ڈالی گئی۔ دونوں ممالک تیسرے ممالک کے منصوبوں پر بھی تعاون کر رہے ہیں، جس میں خاص طور پر بنگلادیش میں روپ پور نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر شامل ہے۔