شعبہ صحت کی بہتری وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے: خواجہ سلمان رفیق
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بحریہ ٹاؤن کے پانچویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن میں پروفیسر نادیہ نسیم،اختر سعید ،ڈاکٹر فاروق سعید خان ،فریحہ فاروق، پروفیسر ندیم حفیظ بٹ، پروفیسر عالم درانی، پروفیسر عیس محمد، پروفیسر عاطقہ، پروفیسر ناہید، پروفیسر لئیق، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات سمیت والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پرنسپل پروفیسر ندیم حفیظ بٹ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو گلدستہ پیش کر کے کانووکیشن میں خوش آمدید کہا۔خواجہ سلمان رفیق نے نمایاں طلباء و طالبات کے درمیان گولڈ میڈلز و تعریفی اسناد تقسیم کیں۔خواجہ سلمان رفیق نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شعبہ صحت کی بہتری وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ ہمارے ڈاکٹرز پاکستان سمیت پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ آج سعید اختر میڈیکل کالج کے تمام 150 فریش گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ سعید اختر میڈیکل کالج گزشتہ 15 برسوں سے طبی دنیا میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میرٹ کے بغیر ہمارا پیارا ملک پاکستان نہیں چل سکتا۔ حال ہی میں سو فیصد میرٹ پر 24 ہسپتالوں کے ایم ایس تعینات کئے ہیں۔