• news

 حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں، مذاکرات کیلئے تیار، فیصلہ پی ٹی آئی نے کرنا: یوسف رضا گیلانی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) قائمقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا، کبھی نہیں کہا حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ شمولیت کے لئے بات چیت جاری ہے، سیاسی معاملات پر بات کرنے کے لیے ہم مذاکرات کے لیے حاضر ہیں۔ پی ٹی آئی نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں۔ ملک اس وقت عدم استحکام کا شکار ہے۔ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز سے مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، سیاست دانوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائمقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور نوجوان دوست ہونا چاہیے۔ بجٹ کے خدو خال بنیں گے تو پیپلز پارٹی حکومت کو مشورے دے گی۔ صاف پانی کا مسئلہ اس وقت ملک کا سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کسانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے معاملے میں مڈل مین نے پیسے کما لیے، اس سے کسانوں کا نقصان ہوا ہے۔ ہتک عزت بل پر بلاول بھٹو زرداری سے بات چیت ہوئی ہے۔ بلاول بھٹو، صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے واپس آئیں تو مشاورت سے پالیسی کا اعلان کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن