• news

طلعت حسین: فنونِ لطیفہ کا جہاں گزر گیا، صدر، وزیراعظم کا اظہار افسوس 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+کامرس رپورٹر) ڈراموں، فلموں، ریڈیو اور تھیٹر کے معروف ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار طلعت حسین کراچی میں انتقال کر گئے۔ اداکار طلعت حسین کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ اداکار پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ طلعت حسین کے سوگواروں میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ طلعت حسین کے انتقال کی افسوسناک خبر اُن کی صاحبزادی تزین حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ کے ذریعے دی۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ میرے والد طلعت حسین کی مغفرت کے لئے دعا کریں۔ طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940ء میں پیدا ہوئے تھے۔ طلعت حسین کا تعلق پڑھے لکھے اور روشن خیال گھرانے سے تھا۔ ہجرت کر کے پاکستان آئے۔ پاکستان ٹیلی ویژن پر انہوں نے کام کا آغاز 1976ء سے کیا۔ طلعت حسین ادکاری کے شعبے میں اکادمی کا درجہ رکھتے تھے۔ نیشنل اکادمی آف پرفارمنگ آرٹ میں آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے باہر بھی کئی چینلز پر اداکاری کی۔ 1971ء کی جنگ کے دوران ریڈیو پر ایک پروگرام کیا تھا ’’کیا کرتے ہو مہاراج‘‘ جو جنگ ختم ہونے تک جاری رہا۔ ان کی شادی پروفیسر رخشندہ سے ہوئی۔ ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ 1972ء ان کی مشہور ڈراموں میں طارق بن زیاد، بندش، دیس پردیس، عید کا جوڑا، فنون لطیفہ، ہوائیں، فلموں میں بھی چراغ جلتا رہا، گمنام، انسان اور آرمی، جناح، ان پورٹ ایکسپورٹ، ناروے، لاج، قربانی، سوتن کی بیٹی (انڈین) اشارہ، آشنا، بندگی، محبت مر نہیں سکتی، شامل ہیں۔ انہیں بہترین اداکاری کے اعتراف میں 1983ء سے 1985ء تک تمغہ حسن کارکردگی برائے فنون سے بھی نوازا گیا۔ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری اور دیگر نے بھی لیجنڈ اداکار طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پاکستان کی شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام تھے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں طلعت حسین کے چاہنے والے آ ج افسردہ ہیں۔ طلعت حسین کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ طلعت حسین کے انتقال پر شوبز کی دنیا بھی اُداس ہے اور شعبے کے متعدد افراد نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ طلعت حسین کی نماز جنازہ مسجد عائشہ ڈیفنس میں ادا کی گئی جبکہ ان کی تدفین ڈیفنس 8  کے قبرستان میں کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن