قربانی کے جانور خریدنے کیلئے پنجاب حکومت نے آن لائن پورٹل کا اجراء کر دیا
لاہور (نیٹ نیوز) پنجاب حکومت نے پہلے سرکاری آن لائن پورٹل کا اجرا کردیا، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے قربانی کے جانور خرید سکیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے سرکاری آن لائن پورٹل کے اجراء کے بعد شہری عیدالاضحٰی سے قبل قربانی کے جانور بھی اب آن لائن حاصل کرسکیں گے۔ پنجاب حکومت کے جاری کردہ پورٹل پر جانوروں کی تصاویر کے علاوہ ان کی عمر، وزن، اقسام، نسل، قیمت اور دیگر تفصیلات بھی ہوں گی۔ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس پورٹل کو خرید و فروخت کے لیے محفوظ بنایا گیا ہے، خرید وفروخت سے پہلے دونوں افراد کے شناختی کارڈ نمبرز شامل کیے جائیں گے۔ آن لائن پورٹل میں رجسٹریشن کے بعد کوئی بھی اپنا جانور فروخت بھی کرسکتا ہے، یہ پورٹل عید کے بعد بھی فعال رہے گا۔