پشاور: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک، 3 زخمی، کیپٹن اور حوالدار شہید
اسلام آباد+ پشاور (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹرسے+ بیورو رپورٹ) پشاور میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف ایک کارروائی میں 5 ملک دشمنوں کو جہنم واصل کر دیا ‘3زخمی ہوگئخجب کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک کیپٹن سمیت 2 اہلکار شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں ایک آپریشن کیا۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ کیپٹن حسین جہانگیر شہید کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے اور ان کی عمر 25سال تھی۔ کیپٹن حسین نے 4 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کیلئے خدمات سر انجام دیں اور سوگواروں میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔ اسی طرح حوالدار شفیق اللہ شہید ضلع کرک کے رہائشی اور عمر 36سال تھی۔ انہوں نے 18 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کیلئے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑے اور حوالدار شفیق اللہ شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کے افسروں، سول حکام، عوام اور جوانوں نے شرکت کی۔ شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیئے گئے جہاں ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈا پور نے حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے کیپٹن حسین اور حوالدار شفیق اللہ کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے ان جوانوں نے جوانمردی اور بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ شہداء وطن ہمارا مان ہیں اور قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی بلندی درجات کیلئے دعا کی اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، ہم شہداء کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں۔ سپیکر ایاز صادق نے بھی کیپٹن اور حوالدار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ ترجمان تحریک انصاف نے کیپٹن حسن جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی شہادتوں پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہداء کے لواحقین سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔