• news

صدر رئیسی پاکستان کے سچے دوست تھے، انتقال ناقابل تلافی نقصان: آرمی چیف

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور 19 مئی 2024 کو ہیلی کاپٹر کے افسوسناک حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیرعبداللہین اور دیگر اہم حکام کے انتقال کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی اور آنجہانی وزیر خارجہ امیر عبداللہ پاکستان کے سچے دوست اور غیر معمولی رہنما تھے۔  آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر اور دیگر رہنماؤں کا نقصان ناقابل تلافی ہے۔ آرمی چیف نے پوری پاک فوج کی جانب سے مرحوم کی روح کے لیے دعاؤں اور سوگوار خاندانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان اور ایران کی مسلح افواج ہمیشہ ایک ساتھ کھڑی ہیں۔ جنرل باقری نے دکھ بانٹنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور دونوں فوجوں کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن