صحت سہولتوں کی بہتری پر توجہ، مریضوں کو مفت ادویات گھر پر ملنے لگیں، مانیٹر کر رہی ہوں: مریم نواز
لاہور( نوائے وقت رپورٹ ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی شعبہ صحت میں بہتری کی کاوشیں رنگ لانے لگیں، شہروں اور دیہات میں فیلڈ ہسپتال، کلینک آن وہیلز سے روزانہ ہزاروں مریض مستفید ہونے لگے، کینسر، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کومفت ادویات گھر میں ملنے لگیں، مریم نواز نے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز پراجیکٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو خوش،خوشحال اور صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں، ہر سیکٹر میری ترجیح ہے مگر صحت کی سہولتوں کی بہتری پر پوری توجہ ہے۔ شدید گرمی کے باوجود عوام کو گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولتیں مہیا کرنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف قابل تحسین ہیں، مریم نواز نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کے زریعے ہزاروں مریضوں کے علاج کی سروسز خود مانیٹر کررہی ہوں، سٹیٹ آف دی آرٹ فیسیلٹی پہنچارہے ہیں، صوبے میں مراکز صحت اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ جاری ہے، صوبے کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال فنکشنل کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہر ضلع میں مکمل کارڈیالوجی اور پیڈز بلاک بنانے کے پراجیکٹ پر کام شروع کردیا ہے،خدمت کا جذبہ ورثے میں ملا،اپنے عوام کے لئے ہر سہولت چاہتی ہوں۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، مریم نواز نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے، شہدا کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں، انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی، پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ناموراداکار طلعت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے - وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلعت حسین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارِ کیا ہے، طلعت حسین کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔