ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرینگے:خواجہ سلمان رفیق
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے زیر اہتمام کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز ڈاکٹر طارق میاں، ڈاکٹر طاہر، ڈاکٹر سعید، ڈاکٹر ناہید، ڈاکٹر سجاد، پروفیسر آفتاب محسن، پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر سردار الفرید ظفر، صدر پی ایم اے لاہور چیپٹر پروفیسر اشرف نظامی و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے جنرل پریکٹیشنرز کی جدید تربیت انتہائی اہم ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پنجاب میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔