ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: پاکستان، بھارت ٹاکرا، آئی سی سی کا راولپنڈی سٹیڈیم میں فینز پارک بنانے کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 ء کا پاکستان‘ بھارت ٹاکرا کیلئے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں فینز پارک بنانے کا اعلان کردیا۔ شائقین ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے پاکستان بھارت ٹاکرے کو امریکہ سے 11ہزار کلومیٹر دور راولپنڈی میں بھی دیکھ سکیں گے۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق پاکستان‘ بھارت میچ کے دوران راولپنڈی میں کرکٹ فینز کیلئے اس میچ کو انجوائے کرنے کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں قائم فین پارک میں فینز نہ صرف بڑی سکرین پر میچ انجوائے کریں گے بلکہ وہ گرائونڈ پر آئی سی سی ایمبیسیڈرز سے بھی ملاقات کرسکیں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان‘ بھارت میچ کی سکریننگ کے علاوہ فینز کیلئے دیگر سرگرمیوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ 9جون کو پاکستان‘ بھارت میچ کے موقع پر پاکستان اور بھارت سمیت متعدد مقامات پر فینز پارک بنائے جائیں گے۔ آئی سی سی کے مطابق پاکستان‘ بھارت میچ کے موقع پر نیویارک، برمنگھم، جوہانسبرگ، دلی اور ٹیکساس میں بھی فینز پارک ہوں گے اور ان فینز پارک کو میچ سے 90 منٹ قبل تماشائیوں کیلئے کھول دیا جائیگا۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان بھارت ٹاکرا 9 جون کو نیو یارک کے نسا کانٹی پارک میں کھیلا جائے گا۔