صحافتی کمیٹی کی ملاقات، بغیر مشاورت ہتک عزت بل پر دستخط نہیں کرونگا: گورنر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نے ملاقات کی۔ ہتک عزت بل پر گورنر نے سٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کااعلان کردیا۔ صحافتی نمائندوں نے ہتک عزت بل کے بارے میں تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ہتک عزت بل آزادی اظہار کا گلا دبالنے کی کوشش ہے۔ گورنر پنجاب نے ہتک عزت بل پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کے بغیر بل پر دستخط نہیں کروں گا۔ بل پر پہلے بھی مشاورت ہونی چاہئے تھی۔ رہنما پیپلزپارٹی سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اس حالت میں موجودہ بل کو سپورٹ نہیں کرتی، میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں نوید کاشف، ارشد انصاری، کاظم خان، ارشاد عارف، حافظ طارق محمود، امتنان شاہد، محمد عثمان بھی شریک تھے۔