• news

پنجاب بھر میں بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں رضاکارانہ کمی کیلئے آج تک کی مہلت 

لاہور( این این آئی)وزیر خوراک بلال یاسین کی صدارت میں بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کیلئے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری خوراک پنجاب ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈی جی انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر لاہور ،بیکری ایسوسی ایشن اور 21مشہور برینڈز کے  نمائندوں نے شرکت کی ۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاکہ 2 ماہ میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں 30 سے 48 فیصد تک کمی ہوئی، ڈبل روٹی، رس اور بن کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے۔ حکومت نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کروائی، بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی ہر صورت کم ہوں گی۔ بلال یاسین کے مطابق برینڈز نے قیمتوں میں کمی کیلئے آج سوموار تک مشاورت کا وقت مانگا ہے، اسٹیک ہولڈرز کو آ ج تک قیمتوں میں رضاکارانہ کمی کا وقت دیا گیا ہے۔ بلال یاسین نے کہا کہ بیکری مصنوعات اور بسکٹ برینڈز کی قیمتوں میں رضاکارانہ طور پر کمی کریں۔سوموار کو انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کا تعین ہوگا۔ بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب بھر میں انتظامیہ کم قیمتوں پر بیکری مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائے گی، عوام تک سستی اور معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن