• news

آئی ایم ایف کے نمائندے وائسرائے بن کر احکامات دیتے ہیں: حافظ نعیم

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے نمائندے وائسرائے بن کر احکامات صادر کر رہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت ہاتھ باندھے اور سر جھکائے ان کی تعمیل میں مصروف ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نئے بیل آؤٹ پیکج کے لیے کئی ظالمانہ شرائط سامنے لے آیا ہے۔ تمام اشیاء بشمول ادویات پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانا عوام کے ساتھ ظلم ہو گا۔ حکمران طبقہ آخر کب تک عوام پر بوجھ ڈال کر جاگیر داروں کو بچاتا رہے گا؟۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام نہیں اشرافیہ پر بوجھ ڈالے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل اب محفوظ انسانی زون میں فلسطینیوں کو زندہ جلا کر مار رہا ہے۔ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ رفح پر میزائلوں کی بارش میں جل کر راکھ ہو گیا۔ اسلام آباد کی جانب سے لفظی مذمت کافی نہیں، حکمران عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ اسرائیل کو دوٹوک الفاظ میں وارننگ جاری کی جائے۔ جماعت اسلامی آزادی صحافت و سوشل میڈیا پر پابندیوں کی بھی ِمخالفت کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن