• news

بلوچستان اسمبلی : سی پیک کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور یوم سے متعلق تہنیتی قرارد پیش 

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان اسمبلی میں سی پیک پراجیکٹ کیلئے ارکان اسمبلی کی خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور کر لی گئی۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹ سے متعلق کمیٹی میں اپوزیشن ارکان بھی ہوں گے۔ یہ سب سے اہم کمیٹی ہو گی۔ سی پیک پر کمیٹی بنے گی تو اسمبلی اس میں ڈرائیونگ سیٹ پر ہو گی۔ رکن اسمبلی اسد بلوچ نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا فیز شروع ہو رہا ہے۔ پہلے فیز کا حساب تو دیا جائے۔ بلوچستان اسمبلی میں یوم تکیبر کے حوالے سے تہنیتی قرارداد پیش کر دی گئی۔ قرارداد صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا پاکستان نے 28 مئی 1998ء کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام میں پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایٹمی دھماکے سے پاکستانی قوم اور دنیا اسلام کا سر فخر سے بلند ہوا، یہ کارنامہ پاک افواج، سیاسی قیادت اور سائنس دانوں کی کاوشوں سے ممکن ہوا۔ قرارداد میں کہا گیا ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کی علاقائی سالمیت، آزادی اور خود مختاری کا تحفظ ممکن ہوا۔ بلوچستان اسمبلی میاں نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ملک کی سالمیت، ترقی اور دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ملک کی سالمیت اور اداروں کے خلاف کی جانے والی اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ پوری قوم اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ملک عزیز کے لئے سکیورٹی فورسز کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن