28مئی قوم کے نہ جھکنے اور چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا دن ‘ حمزہ شہباز
لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 28مئی پاکستانی قوم کے نہ جھکنے اور چیلنجز سے نبردآزمائی کے عزم کا دن ہے۔انہوں نے یوم تکبیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے وقار کی سربلندی اور ناقابل تسخیر دفاع کی علامت ہے، نواز شریف کی قیادت میں قوم نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کی سلامتی اور قومی حمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز اللہ تعالی کا شکر ہے اس نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو یہ شرف بخشا کہ وہ پاکستان کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنائے، قوم آج اپنی جوہری صلاحیت کے لئے ان تمام افراد کی ممنون ہے جنہوں نے اس میں کسی بھی موقع اور حیثیت میں اپنا کردار ادا کیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ اللہ کی مدد اور عوام کی تائید سے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کو دوبارہ سے ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) مملکت خداداد کو معاشی قوت بھی بنا کر دم لے گی۔