• news

یوم تکبیر جوش وجزبے سے منایا گیا، ریلیاں : دشمن کی جرات نہیں میلی آ نکھ سے دیکھے مقررین

شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، پشاور (نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) ملک بھر میں یوم تکبیر  ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ شیخوپورہ، ننکانہ ، فیصل آباد، سیالکوٹ، اوکاڑہ، میانوالی، جھنگ  اور گجرات سمیت کئی شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ کیک کاٹے گئے۔  ڈپٹی کمشنر ننکانہ چوہدری محمد ارشد کی زیر قیادت کشمیر روڈ تا گول چکر بازار تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مسلم، سکھ اور مسیحی برادری سمیت تاجر برادری و سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستانی پرچم اور  بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ڈپٹی کمشنر  چوہدری محمد ارشد نے  کہا کہ آج کا دن 28 مئی 1998ء کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاکستان ایٹمی دھماکے کر کے پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنا، گورودوارہ جنم استھان کے گیانی سردار آیا سنگھ، بشیر بھٹی مسیح سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ جب ہمسایہ ملک بھارت 5 ایٹمی دھماکے کر کے یہ سمجھا کہ وہ ایشا پر اپنا تسلط قائم کر چکا ایسے میں 1998ء میں پاکستان نے سات ایٹمی دھماکے کر کے  پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ ہم اپنی فوج اور پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دیگر شہروں میں  ریلیوں، تقریبات میں مقررین نے نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر اور سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتے کہا کہ آج دشمن کو جرات نہیں پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے پشاور میں قلعہ بالاحصار تک ریلی نکالی گئی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر  ضلع شیخوپورہ میں بھی یوم تکبیر بھرپور انداز سے منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع بھر کی پانچوں تحصیلوں میں تقاریب اور آگاہی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ گورنمنٹ فرقان شہید ہائی سکول میں یوم تکبیر کی مرکزی تقریب اور ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس نے کی جبکہ تحصیل کی سطح پر منعقدہ ریلیوں کی قیادت متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے کی، ریلیوں میں ضلعی افسروں، تاجر برادری، طلباء ،سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،  مرکزی ریلی کمپنی باغ سے شروع ہوکر شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی یادگار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی،  خصوصی دعائیں کی گئی،علاوہ ازیں  ایڈیشنل  عثمان جلیس نے ایم سی آفس کمپنی باغ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان نے  کہا کہ یوم تکبیر قومی دفاع اور خود مختاری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان کا دفاع مضبوط ہے۔  ملکی دفاع کی مضبوطی کے لیے قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ’’تکبیر کارواں‘‘ بتی چوک سے شروع ہوکر جناح پارک پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کرگیا۔  قیادت ضلعی جنرل سیکرٹری میاں حبیب الرحمن نے کی۔ اس موقع پر سٹی صدر عبدالرحمن مظہر، نائب صدر مولانا سلیم اعظم بلوچ، حاجی محمد یعقوب چاہل ، حاجی وقار مرتضیٰ ، شمعون بھٹہ، طارق گجر، میاں ظفر، میاںنصیر احمد، امانت گجر، کلیم اللہ بھلر، ملک محمداعظم، ابو فراس، لیاقت میر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔  میاں حبیب الرحمن نے کہاکہ 28مئی 1998ء کوپاکستان کے جھنڈے کو دنیا میں بلند کرنے کیلئے عالمی دنیا کے دبائو کو پس پشت ڈال کر پاک وطن کو ناقابل تسخیر قوت بنانے کیلئے بھارت کے مقابلہ میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنی۔ اگر کسی نے پاک وطن کی طرف سے میلی آنکھ سے بھی دیاتواس کی آنکھیں نکالنے اور جو ہاتھ اس طرح بڑھے گا اس کے ہاتھ توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے  ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری شہباز چھینہ کی طرف سے یوم تکبیر کے موقع پر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا  کیک بھی کاٹا گیا۔ سابق ضلعی صدر امجد نذیربٹ، سینئر مسلم لیگی رہنمائوں سید سجادحسین بگے شاہ، سابق جنرل سیکرٹری شیخ کاشف عارف،رانا خلیل احمد گاھی ، شاہجہان لودھی ، ملک عمر صدیق، میاں شبیر حسین، خواتین ونگ کی ضلعی صدر بینش قمر ڈار ، چودھری کامران ورک ،چودھری خلیل احمد ورک ، چودھری بلال خادم ورک ، چودھری مرتضیٰ قریشی ، عامر خان، کاشف مان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گفتگو کرتے کہا 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، اس دن پاکستان نے عالمی دبائو کے باوجود ملکی سلامتی و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا،  پاک فوج و دیگر اداروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حافظ آباد میں کوئی تقریب نہ ہو سکی‘ حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم تکبیر کے موقع پر کوئی تقریب نہ ہو سکی۔ افسر عام تعطیل کے باعث گھروں میں چھٹی کا مزا اڑاتے رہے۔ تحصیل فیروز والا میں  یوم تکبیر بڑے جوش وش جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ میونسپل ٹاؤن کمیٹی فیروز والا یوم تکبیر کی مرکزی تقریب اور ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر فیروز والا عدیل خان اور چیف آفیسر فیروز والا میاں شبیر احمد نے کی۔ یوم تکبیر کے حوالے سے نکالی جانے والی آگاہی ریلی میں سول سوسائٹی، سکول کے طلبہ اور  بلدیہ فیروز والا اظہر حسین ،  نائب تحصیلدار فیروز والا اور محکمہ صحت کے عملے نے بھی شرکت کی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام تکبیر کارواں کا انعقاد کیا گیا، مقررین نے محفوظ، متحد اور مستحکم پاکستان بنانے کا عزم کیا۔ پاکستان کو لا الہ الا اللہ کا ملک بنا کر دم لیں گے، ہم نے کشمیر کے شہداء  سے بے وفائی کی، اپنے بیگانے ہوگئے، حکمران ظالم، فاسق اور فاجر ہوگئے۔ جب ہم مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑے تھے اللہ نے ہمیں ایٹمی طاقت بنایا اور دنیا میں عزت دی تھی۔ وطن عزیز کی آج کی صورتحال بہت تشویش ناک ہے لاکھ مصیبتیں سہی مگر ہم پاکستان کو اللہ اکبر سے جوڑ دیں گے اور حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر چوہدری محمد سرور، انجنئیر عادل خلیق، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، فلسطینی رہنما ابو عبیدہ، ریاض احمد احسان ، عمر عبداللہ، ادریس فاروقی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب صدر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی آج کی صورتحال بہت تشویش ناک ہے۔ انجنئیر عادل خلیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت مایوسی کا عالم ہے۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن جرآت دلیری بہادی اور شجاعت کا دن ہے۔ پاکستان کے عوام کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں ہونے دیں گے۔آج جو شیخ مجیب کو ہیرو ثابت کرنا چاہتے ہیں اپنا قبلہ درست کریں۔ فلسطینی رہنما شیخ  ابو عبیدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ ماہ سے غزہ میں جنگی جرائم اور فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔اہل غزہ نے جانیں دے کر استقامت کی انمٹ مثالیں پیش کیں۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف کوئی بھی سازش نہیں ہونے دیں گے۔ یوم تکبیر کی مناسبت سے راوی پارک راوی روڈ پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں دینی ، سیاسی اور سماجی شخصیات کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صدارت چیئرمین ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ الحاج قیصر امین بٹ نے کی۔ لیگی رہنما محمد اکبر ، ملک فیصل وحید ، حاجی شکیل چن ، ملک محمد انور‘ چیئرمین دربار بی بی پاکدامن سید حسنین حیدر کاظمی کی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔  مسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید روبن اور شفیق کھوکھر نے تقریب میں شرکت کی۔ الحاج قیصر امین بٹ نے کہا کہ آج کا دن قابل فخر‘ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے۔

ای پیپر-دی نیشن