عقیدہ توحید اور ختم نبوت کے دفاع میں علماء کی خدمات قابل تعریف:میاں جمیل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کہا کہ تحفظ عقیدہ ختم نبوت کے لئے علماء اہلحدیث کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف پر فخر ہے کہ جب بھی کوئی فتنہ اٹھا، ہمارے اکابر اس کے خلاف سینہ سپر ہوئے۔ پہریدار ختم نبوت کا پہلا اعزاز سیدنا ابوبکر صدیقؓ کو رب کائنات نے عطا کیا۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ مرتدین کی سازش ہو یا عقیدہ ختم نبوت کے خلاف کسی بدبخت کا فعل ملعون ہو، فتنہ خلق قرآن ہو یا فتنہ انکار حدیث ہو، اسلاف نے حق وفاداری خوب خوب نبھا دیا۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ برصغیر میں قادیانی فتنہ اٹھا تو علماء اہلحدیث نے اس کی سرکوبی کی۔ مولانا عبدالحق غزنوی، سید نذیر حسین دہلوی، مولانا محمد حسین بٹالوی اور مولانا ثناء اللہ امرتسری نے عقیدہ توحید اور ختم نبوت کے دفاع میں زبردست کردار ادا کیا۔