خیبر پی کے کابینہ میں کارکردگی نہ دکھانے والے ممبران کو فارغ کرنے کا فیصلہ: حکومتی ذرائع
پشاور (آئی این پی ) خیبر پی کیکابینہ میں کارکردگی نہ دکھانے والے 2 سے 3 ممبران کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعلی نے ممبران کو آخری وارننگ دے دی۔ کارکردگی میں پیشرفت نہ دکھانے پر وزیر اعلی خیبر پی کے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کریں گے، عمران خان سے ملاقات میں پیشرفت کے بعد ممبران کو کابینہ سے ہٹایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں وارننگ جاری کی جائے گی، کارکردگی بہتر نہ ہونے پر فارغ کیا جائے گا، وزیر اعلی ممبران سے اپنے اپنے محکمہ میں سو فیصد کارکردگی چاہتے ہیں۔ ممبران کے فارغ کرنے کے بعد کابینہ میں کون شامل ہوگا اس کا اختیار وزیر اعلی اور عمران خان کے پاس ہے، وزیراعلی بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد اعلان کریں گے۔ وزیر اعلی کارکرگی نہ دکھانے والوں کے لئے زیروٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہیں۔