دفاع ناقابل تسخیر بنا‘ بھٹو سمیت سب کو سلام: گورنر پنجاب‘ پی پی وفود کی ملاقاتیں
لاہور (نامہ نگار) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے وفود نے ملاقات کی۔ پیپلز پارٹی ساہیوال، قصور اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے عہدیداران شامل تھے۔ وفود نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ سیکرٹری انفارمیشن شہزاد سعید چیمہ اور سیکرٹری ریکارڈز اینڈ ایونٹس احسن رضوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم تکبیر پاکستان کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں نے نہ صرف ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا بلکہ خطے میں طاقت کا توازن بھی بحال کیا۔ ساری قوم پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے سفر میں ایٹمی سائنسدانوں، سول اور فوجی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔