• news

طویل لوڈشیڈنگ جاری، مظاہرین کا لنڈی کوتل گرڈ سٹیشن پر دھاوا، دھرنا

پشاور‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ایسے میں کراچی سے خیبر تک بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا محال ہوگیا ہے۔ ضلع  خیبر میں شہریوں نے لنڈی کوتل گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔ مشتعل مظاہرین گرڈ سٹیشن کے اندرگھس گئے اور  دھرنا دے دیا۔ پیپلزپارٹی کے تحت ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے سے بڑھ چکی ہے۔ بجلی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا۔ گلگلت بلتستان کے علاقے چلاس میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف متعدد مقامات پر احتجاج اور تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی گئی۔ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے۔ اوستہ محمد میں شہریوں نے ٹائر جلا کر احتجاج  کیا اور شاہراہ بند کردی۔ ملتان میں 4 گھنٹے سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ  کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ کے ضلع مٹیاری میں 12 سے 18گھنٹے بجلی غائب ہے، حیدرآباد سمیت سندھ کے 9 اضلاع میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران کئی سینٹرز  پر لوڈشیڈنگ کے باعث طلبا کے لیے امتحان دینا چیلنج بن گیا۔ شدید لوڈشیڈنگ کے دوارن شہر قائد کے مختلف علاقوں میں دن میں صرف 6 سے 7 گھنٹے ہی بجلی دستیاب ہے۔ جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ ادھر کوئٹہ میں 10 سے 12 اور راولپنڈی میں 6 سے 7 گھنٹے بجلی جانا معمول بن گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن