پیکنگ والا دودھ 20 روپے لیٹر مہنگا‘ ڈبل روٹی کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی
لاہور (کامرس رپورٹر) پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی اور گزشتہ 7 مہینے سے شرح تبادلہ مستحکم رہنے کے باوجود بڑی کمپنیوں نے ڈبے کے دودھ کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔ بریڈ بنانے والی کمپنیوں نے بھی قیمتوں میں کمی کے حکومتی نوٹیفکیشن پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا۔ ایک بڑی کمپنی نے فی لیٹر دودھ کے ڈبے کی قیمت 280 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کر دی جبکہ ڈیڑھ لیٹر دودھ کے ڈبے کی قیمت 395 روپے سے بڑھا کر 425 روپے کر دی گئی۔ ایک دوسری کمپنی نے ڈیلرز کو مطلع کیا ہے کہ یکم جون 2024ء سے ایک لیٹر دودھ کے ڈبے کی قیمت 280 روپے سے بڑھا کر 295 روپے کی جا رہی ہے۔ دکانداروں کے مطابق بریڈ سپلائی کرنے والے عملے کا کہنا ہے کہ یکم جون 2024ء سے نئی قیمتوں کے مطابق سپلائی کی جائے گی۔