• news

شیر افضل مروت کی دبئی میں سابق گورنر عشرت العباد سے ملاقات 

دبئی (نوائے وقت رپورٹ) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ بامعنی ڈائیلاگ سے ہی موجودہ  سیاسی درجہ حرارت کم کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے سنیئر نائب صدر شیر افضل مروت نے  سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے دبئی میں ملاقات کی جو  3 گھنٹے تک جاری رہی۔ دونوں شخصیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کا وفاق اور  ایس آئی ایف سی کے ساتھ تعاون اچھا شگون ہے، انتظامی اور گورننس کے معاملات کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بامعنی ڈائیلاگ سے ہی موجودہ سیاسی درجہ حرارت کم کیا جاسکتا ہے، مفاہمت کی سیاست ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ دوسری جانب شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاسی بصیرت اور معاملہ فہمی کے سب معترف اور قائل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن