• news

ترقیاتی کاموں میں کرپشن ریفرنس‘ پرویز الٰہی دیگر کیخلاف سماعت 9 جون تک ملتوی 

لاہور (خبر نگار) احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے پرویز الٰہی و دیگران کیخلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کی کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے ریفرنس پر مزید سماعت 9جون تک ملتوی کر دی۔ پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کی جانب سے نیب انکوائری رپورٹ کی نقول کے حصول کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ پرویز الٰہی کے وکلاء نے احتساب عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی۔ عدالت نے پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے، عدالت نے مونس الٰہی کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے راسخ الہیٰ و دیگران کی عبوری ضمانتیں خارج کروانے کیلئے ایف آئی اے کی درخواستوں پر سماعت ملزمان کے سینئر وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث عید کے بعد تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن