• news

 چائلڈ کیئر نیوٹریشن پلان،  100 سکولوں میں بچوں کو مفت ناشتہ دیا جائے گا: گورنر سندھ  

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے طلباء میں غذائیت کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے چائلڈ کیئر نیوٹریشن پلان کا اعلان کر دیا۔ ابتدائی مرحلے میں کراچی کے سو سکولوں کے بچوں کو روزانہ مفت ناشتہ کروایا جائے گا۔ وفاقی حکومت اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے فری بریک فاسٹ انیشیئیٹو کا آغاز کر دیا، اس حوالے سے گورنر ہاؤس سندھ میں پریس کانفرنس کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ایسے بچے بھی ہیں جنہوں نے ڈیڑھ یا دو سال سے دودھ ہی نہیں پیا، تو کسی بچے نے چھ ماہ سے انڈا نہیں کھایا، یہ بچے پانچ سے چھ سال کے ہیں، ہم پہلے مرحلے میں سو سکولوں کے بچوں کو ناشتہ کروائیں گے اور یہ پروگرام وقت کے ساتھ وسعت اختیار کرے گا۔ پروگرام کے تحت ناشتے میں انڈا اور دودھ بھی ہو گا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ  تقسیم اور تفریق کے سبب ملک میں غربت میں اضافہ ہوا، متاثرہ بچوں میں غذائی قلت کے سبب ان کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے۔ حکومت پاکستان نے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ خوراک اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ اس تعلیمی ایمرجنسی میں گورنر صاحب کے ساتھ رابطہ کیا، اسلام آباد کے سکولوں میں بچوں کی حاضری 40 فیصد سے 80 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ کوشش ہے کہ مدرسوں میں بھی فن و ہنر یا پیشہ ورانہ تعلیم کا انعقاد کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن