بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی سہولت حاصل : شرجیل میمن
کراچی (این این آئی)وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی سہولت ملی ہوئی ہے، ان کے ذاتی اکاونٹ سے ٹوئٹ کی 24 گھنٹے کے اندر تردید نہیں ہوئی۔شرجیل میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق وزیر اعظم کے خدشات غلط نہیں، میں نے کل وہ باتیں کیں جو بانی پی ٹی آئی کے منہ سے نکلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہیں انہیں ملک کے خلاف لانچ کیا گیا۔وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ محکمہ ایکسائز میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، گاڑیوں کی رجسٹریشن کا سب سے بڑا دفتر یہاں ہے، محکمہ ایکسائز میں سارے کام بائیو میٹرک کے ذریعے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن سہولتیں بھی فراہم کر رہے ہیں کیونکہ شہریوں کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد سے ماحول کو سازگار بنانا حکومت کافرض ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم جعل سازی کو روکنے کے لیے رکھا ہے، بائیومیٹرک رجسٹریشن کے لیے آن لائن بکنک بھی کروائی جا سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لیے مخصوص دفتر بنا رہے ہیں تاکہ ان کو بہتر ماحول مل سکے۔وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ شہری ٹیکس دیں تاکہ سرکار بہتر کام کر سکے۔