• news

نیب ترمیمی آرڈیننس الیکشن کمشن ترمیمی ایکٹ کا اجراء قابل مذمت: رضا ربانی  

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چئیرمین سینٹ رضا ربانی نے اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی کی جانب سے نیب ترمیمی آرڈیننس اور الیکشن کمشن ترمیمی ایکٹ کے اجرا کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک جاری بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے نیب ترمیمی آرڈیننس اور الیکشن کمشن ترمیمی ایکٹ کی منظوری دی لیکن ان کے  اجرا کی وجوہات نہیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس سے ریمانڈ کی مدت 14 دن سے بڑھا کر 40 دن کرنا معقول نہیں، نیب افسران کی سزا کو 5 سال سے کم کر کے 2 سال کر دینا غیر منطقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ ججز کی الیکشن ٹریبونل میں شمولیت آزاد عدلیہ کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ رضا ربانی نے متنبہ کیا کہ گزشتہ ہفتے تک سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس ہو رہے تھے، پارلیمنٹ کو نظر انداز کر کے آرڈیننس کے اجرا سے کمزور پارلیمانی نظام مزید کمزور ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن