• news

چوری کے مقدمہ  میں فواد چودھری کی ضمانت منظور، دو رکنی بنچ کی سماعت سے معذرت  

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے پنڈ دادن خان میں چوری کے مقدمہ میں فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ فواد چوہدری اپنی اہلیہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فواد چوہدری پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پنڈ دادن خان میں چارپائیاں اور دیگر اشیاء کی چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ سیاسی وابستگی کے باعث درج کیا گیا ہے۔ نو مئی کے مقدمات سمیت اب چوری کے مقدمات میں بھی نامزد کر دیا گیا ہے۔ عدالت مقدمہ میں درخواست ضمانت منظور کرے، فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدت میں نکاح کے کیس کو تاخیر کا شکار کیا جا رہا ہے، یہ مذہب کا استعمال کر رہے ہیں یہ بڑی تباہ کن چیز ہے، نواز شریف اور زرداری کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فواد چوہدری کی گرفتاری سے روکنے اور جے آئی ٹی کے نوٹس کے خلاف درخواست پر ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کر لی۔ عدالت نے دوسرے بنچ کے روبرو مقرر کرنے کیلئے کیس فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔

ای پیپر-دی نیشن