• news

پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کا فیصلہ  

فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جب کہ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبے کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی بھی ہدایت کر دی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ کیا اور جیل میں ملاقاتیوں کے کمرے، کچن، جیل ہسپتال، مرد اور خواتین کی بیرکس کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا کو جیل کی ہوا دکھائی جائے گی اور قانون اپنا راستہ لے گا۔ پنجاب کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ گرمی کے موسم میں ملاقاتی کمرے میں ایئر کنڈیشنڈ کا استعمال کیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کی ہدایت بھی کی۔اس سے قبل سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کمشنر آفس فیصل آباد میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ریجن میں کریمنل گینگز، ڈرگ مافیا اور بجلی چوروںکے خلاف ایکشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کو ریجنل سطح پر اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنگین جرائم کے واقعات میں فارنزک سائنس ایجنسی کے نتائج فوری حاصل ہوں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے چائینیز سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ نور الامین مینگل نے کہا کہ چائنیز کی سکیورٹی پر مامور سرکاری و پرائیویٹ عملہ بہترین پروفیشنل ریسورس ہونا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چائینیز کی موومنٹ کے دوران تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔ نور الامین مینگل نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ سے قبل مویشی منڈیوں اور مساجد میں سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن